تمام آئینے حیرت میں غرق سوچتے ہیں
اُسے یہ کیسے بتائیں ، وُہ اِتنا دِلکش ہے
جن آئینوں نے اُسے دیکھا اُن کو پتھر بھی
بہت اَدَب سے بُلائیں ، وُہ اِتنا دِلکش ہے
جو پورا عکس بنانے کا سوچیں آئینے
تو چھَن سے ٹوٹتے جائیں ، وُہ اِتنا دِلکش ہے
بہت سے آئینے آپس میں اِتحاد کریں
تو نصف عکس بنائیں ، وُہ اِتنا دِلکش ہے
جو پہنچے آئینہ خانے سہیلیوں کے ساتھ
تو بس اُسی کو دِکھائیں ، وُہ اِتنا دِلکش ہے
جو اُس کے بعد کوئی ، آئینہ گھر آئے تو
مذاق مل کے اُڑائیں ، وُہ اِتنا دِلکش ہے
جن آئینوں نے اُسے دیکھا ہو وُہ جامِ جم
سے ہاتھ تک نہ ملائیں ، وُہ اِتنا دِلکش ہے
#شہزادقیس
.