جو یہاں زیر ہُوا سب کو زَبر لگتا ہے

جو یہاں زیر ہُوا سب کو زَبر لگتا ہے
اِس لیے سب سے حسین آپؐ کا دَر لگتا ہے

ہم بھی پردیس میں جاں جانے سے ڈَرتے ہیں حضور
پر مدینے میں کسے موت سے ڈَر لگتا ہے

سنگ دِل شخص پہ قرآن مؤثر کیوں ہے ؟
سنگ ریزوں کی تلاوَت کا اَثر لگتا ہے

چھوڑ کر گردِشی تسبیح ہُوا ہے دو نیم
عارِف قصۂ معراج ، قمر لگتا ہے

جو محمدؐ کا نہیں ، دُنیا کو وُہ جو بھی لگے
اِہلِ کردار کو وُہ شخص صفر لگتا ہے

ایک صلوات اِدھر پڑھتے ہیں نمناک قلوب
اور پھل دار شجر ایک اُدھر لگتا ہے

عالمِ مرگِ غلامانِ محمدؐ بھی قیسؔ
نُور ملبوس عقیدت کا سفر لگتا ہے
#شہزادقیس
.

Sign Up