خلوص ، علم ، دُعا ، آگہی کے سائے میں
حیات گزرے تو گزرے نبیؐ کے سائے میں
اَمین ، متقی ، خدمت گزارِ نوعِ بشر
ستارے لاکھوں پلے آپؐ ہی کے سائے میں
وُہ تم سے لاکھ لگیں پر تمہارے جیسے نہیں
ثبوت تم کو ملے گا تمہی کے سائے میں
بشیرؐ ، نورؐ ، محمدؐ کی چھاؤں میں آؤ
کلیمؐ ، اُمّیؐ ، مدثرؐ ، قویؐ کے سائے میں
خراج دیتے ہیں جن کو اَدَب سے شاہِ جہاں
فقیر ایسے پلے ہیں اُنہی کے سائے میں
بلال تیرا بلاتا ہے یوں خدا کی طرف
کہ جیسے جگنو اَذاں دے کلی کے سائے میں
بشر کے عہدِ اِمامت کی اِبتدا ہے قیسؔ
رحیمؐ ، نورؐ ، اَمینؐ ، اَبطحیؐ کے سائے میں
#شہزادقیس
.