نبیؐ کی یاد دَھڑکن ہے ہمارا دِل مدینہ ہے
جہاں اِحمدؐ کے عاشق ہوں وُہی محفل مدینہ ہے
مدینہ علم و عرفاں ، آگہی ، اَنوار کا مرکز
وُہ اِنسان اَصل اِنساں ہے جسے حاصل مدینہ ہے
حُضورؐ اُمّت کی خاطر رات بھر روتے تھے سجدوں میں
جہنم اور ہمارے بیچ بس حائل مدینہ ہے
مدینہ عام سا اِک شہر تھا سرکار دُنیا میں
کسی کامل کا صدقہ ہے کہ اَب کامل مدینہ ہے
اے میری نعت سن کر یادِ اِحمدؐ میں تڑپتے دِل
تیرے آنسو بتاتے ہیں تیری منزل مدینہ ہے
تلاطم خیز موجیں ہیں زَمانے بھر کے ہنگامے
سفینے پاک دِل اِنسان ہیں ، ساحل مدینہ ہے
مدینے کا بھکاری کہتے ہیں سب پیار سے مجھ کو
دُعاؤں میں مری قیسؔ اِس قَدَر شامل مدینہ ہے
#شہزادقیس
.